الحمدللّٰـــــــــــــــہ



بہترین نصیحت 

۔

1988ء میں ہماری شادی ہوئی تو زوجہ کو ایک بات کا ہمیشہ خاص خیال رکھنے کی تلقین کی کہ...

گھر میں اگر بلی بھی آئے تو اُسے دودھ پیے بغیر مت جانے دینا، کوئی سوالی خالی نہ جائے، جو، جیسا اور جتنا میسر ہو، جتنی توفیق ہو دے دینا کہ دینے والوں کے دسترخوان ہمیشہ نعمتوں سے بھرے رہتے ہیں، وہ جو میرا، تُمہارا اور ہم سب کا رازق ھے نا وہ کبھی بھی "اُوپر والا ہاتھ" کبھی محتاج نہیں ہونے دیتا، یہ کوئی کتابی نصابی بات نہیں، ذاتی مُشاہدہ ھے، آپ آزما کر دیکھ لیں.


آج ہماری شادی کو خیر سے 34 سال ہونے کو ہیں لیکن اس بھلے مانس عورت نے ہمیشہ میرا مان رکھا، اس پٹھان کو بلوچ زادی نے کبھی مایوس نہیں کیا، ہم نے غریبی حلیمی بہت دیکھی، اکٹھے فاقے کاٹے، پہروں بُھوک کے روگ بھوگے لیکن مُجھے یاد نہیں پڑتا کہ کبھی گھر پر کوئی سوالی آیا ہو اور وہ خالی گیا ہو.

الحمدللّٰـــــــــــــــہ  ہماری تنگ دستی کے ایام میں بھی محلے کے لوگ، رشتے دار اور احباب ہماری فیملی کو "سخی گھرانہ" کہتے آئے ہیں اور ہم اپنے اجداد کی اس خُوبصورت روایت کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہے، 

اللّٰـــــــــــــــہ آئندہ بھی سُرخرو فرمائے.


            بلی اب بھی دودھ پیے بِنا نہیں جاتی.


بچے خیر سے بڑے ہوگئے ہیں، اب اُنہیں یہ نصیحتیں مُنتقل کرنے کا وقت آن پہنچا ھے، گُذشتہ روز میں اپنے بڑے بیٹے اور بہو کو سمجھا رہا تھا کہ...


بچو، ڈائننگ ٹیبل ہمیشہ گول ہی بنانا، چوکور نہیں تاکہ معلوم نہ ہو کہ ٹیبل کی "مرکزی نشست" پر کون بیٹھا ھے، یوں سب کو اُس  ٹیبل پر مرکزی حیثیت حاصل ہوگی.


مہمان اللّٰـــــــــــــــہ کا "بھیجا ہوا" ہوتا ھے، مہمان بڑے ہوں یا چھوٹے، امیر ہوں یا غریب سب ہی "مہمانِ خصوصی" ہوتے ہیں، سب کو یکساں "پروٹوکول" دینا، مہمانوں کی کبھی "درجہ بندی" نہ کرنا، مہمان کو "کیٹگرائز" کرنا بداخلاقی ھے، توہین ھے، بے ہودگی ھے، اُس کا رزق اللہ بھیجتا ھے، اللّٰـــــــــــــــہ نے جیسا بھیجا ہم نے ویسے ہی آگے مُنتقل کرنا ھے، ہم صرف اُسے اصل حالت میں مُنتقل کرنے پر مامور ہیں، یہ کام "ڈیوٹی" سمجھ کر کرنا چاہیے، ہم "مُنشی" ہیں، ڈاکیے ہیں، منگتے ہیں.

ہمیشہ مہمان کو اپنے ہاتھوں سے "SERVE" کیا کرو، کھانے میں کبھی پہل مت کرنا.


بچے سُنتے ہیں، سمجھتے ہیں، میری بات مان لیتے ہیں، میں سرشار ہوجاتا ہوں، خُوشی ہوتی ھے کہ بات پھیل رہی ھے، پیغام کا ابلاغ ہورہا ھے، اچھائی فروغ پارہی ھے.


بس ہمیشہ یہی دُعا مانگتا ہوں

 کہ " اللّٰـــــــــــــــہ بہت دے اور بہت دینے کی توفیق دے"

توفیق رب کی عطا ھے، وہ جسے دے دے.


اللّٰـــــــــــــــہ آپ کے، میرے اور ہم سب کے دسترخوانوں میں کُشادگی عطا فرمائے، دینے والا بنائے رکھے، کسی کا محتاج نہ کرے.


وہ بہت دے اور بہت "دینے" کی توفیق دے.

سخی سلامت، سخاوت سلامت، سخیوں کی خیر۔

Comments

Popular posts from this blog

Old man marries his daughter-in-law; scripted video goes viral

انتہائی مختصر مگر بے حد طاقتور یَارَبَّنَا رات سوتے وقت 7 بار پڑھنے پر کیا کچھ ملتا ہے ؟ قیمتی تحفہ لے لیں

سورت الضحیٰ کا طاقتور وظیفہ