او آئی سی نے کشمیریوں اور فلسطینیوں کو مایوس کیا: عمران خان
او آئی سی نے کشمیریوں اور فلسطینیوں کو مایوس کیا: عمران خان
وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والے او آئی سی کے وزرا خارجہ کے 48 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ اعتراف کرنا پڑے گا کہ فلسطینیوں اور کشمیریوں کو ہم نے مایوس کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ ارب مسلم آبادی ہونے کے باوجود ہم اس ظلم کو روکنے میں ناکام رہے ہیں۔
عمران خان نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے افتتاحی اجلاس میں کہا کہ بھارت کشمیر میں مسلم آبادی کا تناسب تبدیل کرنا چاہ رہا ہے اور اس حوالے سے اسے کوئی خوف یا دباؤ نہیں ہے، اسی طرح فلسطین میں بھی مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں اور اسرائیل کو بھی کوئی روکنے والا نہیں ہے کیونکہ وہ ہمیں غیر مؤثر سمجھتے ہیں۔ عمران خان نے اپنے خطاب میں 15 مارچ کو اقوام متحدہ کی جانب سے اسلامو فوبیا کے خلاف دن منانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئےمسلم دنیا کے اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔
واضح رہے کہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی کونسل کا دو روزہ 48 واں اجلاس پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جاری ہے جس کی چیئرمین شپ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو سونپی گئی ہے۔ اجلاس میں 46 ممالک کے وزرائے خارجہ کے علاوہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزرا اور اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

Comments
Post a Comment